True concept of Khatm e Nabuwat from Holy QuranArticles – English
Top bar

تحفظ نامو س رسالت صلی اللہ علیہ وسلم عین ایمان ہے

  • مولانا قاری محمد سلمان عثمانی
  • نبی کریمﷺ کی ناموس کا تحفظ دراصل دین اسلام کا تحفظ ہے،اللہ کریم کے بعد جس ہستی کا ہم پر سب سے زیادہ احسان ہے وہ سرور کائنات رحمت عالم حضرت محمد ﷺکی ذات اقدس ہے مسلمانوں کا نبی کریم ﷺ سے جو تعلق ہے وہ تمام دوسرے انسانی تعلقات سے بہت بڑا ہے، دنیا کا کوئی رشتہ اس رشتے سے اور کوئی تعلق، اس تعلق سے جو نبی کریم اور اہل ایمان کے درمیان ہے، ذرہ برابر بھی کوئی نسبت نہیں رکھتا نبی کریمﷺ مسلمانوں کیلئے ان کے ماں باپ سے بھی بڑھ کر شفیق و رحیم اور ان کی اپنی ذات سے بڑھ کر خیر خواہ ہیں،لہٰذا وہی سب سے زیادہ قریب بھی ہیں یہاں تک کہ جان سے بھی زیادہ قریب، حقدار اور ولی بھی ہیں،حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ امام الانبیاء ﷺ نے ارشاد فرمایا میں دنیا اور آخرت میں ہر مومن کا سب سے زیادہ قریبی ہوں تو جس مسلمان کا انتقال ہو جائے اور مال چھوڑے تو وہ اس کے عصبہ (یعنی وارثوں) کا ہے اور جو قرض یا بال بچے چھوڑ جائے تو وہ میرے پاس آئیں کہ میں ان کا مددگار ہوں (صحیح بخاری) جب رسول اللہﷺ کا حق تمام ایمان والوں پر سب سے زیادہ ہے تو ان کی محبت بھی اہل ایمان کے دلوں میں سب سے زیادہ ہونی چاہیے،یہاں تک کہ اپنی ذات سے، اپنے ماں باپ سے، اپنی اولاد سے بلکہ تمام انسانوں سے زیادہ محبت رسول اللہ ﷺ کی ذات سے کرنا لازم ہے ارشاد ہے تم میں سے کوئی شخص صاحب ایمان نہیں ہوسکتا جب تک کہ اس کے دل میں میری محبت اپنے والد اپنے لڑکے اور تمام لوگوں سے زیادہ نہ ہو(بخاری، مسلم)اسی طرح یہ بھی روایت میں ہے کہ حضرت سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا یارسول اللہ! آپ کی محبت میرے دل میں کائنات کے تمام چیزوں سے بڑھ کر ہے، سوائے میرے نفس کے تو آقا نے فرمایا کہ اپنے نفس سے بھی زیادہ میری محبت ہونی چاہیے، تو انہوں نے کہا کہ اب اپنے نفس سے زیادہ آپ سے محبت کرتا ہوں،ناموس سے مراد آبرو، عزت، شہرت، عظمت اور شان ہے۔ ناموس رسالت سے مراد رسول کی آبرو، عزت، شہرت، عظمت اور شان ہے اور تحفظ ناموس رسالت سے مراد ہے کہ کسی بھی رسول کی آبرو، شہرت، عزت، عظمت یا شان کا لحاظ کرنا،ہر قسم کی عیب جوئی اور ایسے کلام سے پرہیز کرنا جس میں بے ادبی ہو ان تمام امور کا لحاظ رکھنا فرض ہے اور مخالفت کرنا کفرہے اللہ تعالیٰ نے ساری مخلوق کے لیے سیدنا محمدﷺ کو رسول، رہنماء و رہبر بنا کر مبعوث فرمایاآپ ﷺ نے اپنوں اور بیگانوں میں تریسٹھ سالہ ظاہری زندگی بسر کی وہ بھی بھر پور تمام کے ساتھ لین دین کیا مسجد کے مصلیٰ سے لے کر سربراہ ریاست تک آپ نے معاملات سر انجام دیئے اپنے تو کجا بیگانوں اور مخالفوں نے بھی تسلیم کیا کہ ان کی ذات اقدس کے معاملات بھی اس قدر امین وپاکیزہ ہیں کہ اس کی مثال نہیں ملتی لیکن اس کے باوجود کفار نے آپﷺ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے۔آپﷺ نے اپنی ساری ظاہری حیات میں کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیا ہاں حدود الٰہی توڑنے اور مخلوق پر ظلم و ستم کرنے والوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔حضور اقدس ﷺکی ذاتِ اقدس میں اللہ جل شانہ نے وہ تمام انسانی بلند اوصاف و اخلاق جمع فرمادیئے، جن پر ”شرف انسانی“ کی بنیاد قائم ہے
  • حضور ﷺہی اس کیلئے عقیدتوں اور محبتوں کا مرکز و محور ہیں اور ان ہی کے نام سے اس کی آبرو قائم ہے،ایک اور آیت میں حضور ﷺکی اتباع کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے اور رسول جو کچھ تمہیں دے دیا کریں،وہ لے لیا کرو، اور جس سے وہ تمہیں روک دیں، رک جایا کرو، اللہ سے ڈرو، بے شک اللہ سزا دینے میں بڑا سخت ہے (سورۃ الحشر:۷)ایک دوسری آیت میں اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے سر تسلیم خم کرنے کو مومنین کا شیوہ بتاتے ہوئے کہا گیاایمان والوں کا قول تو یہ ہے کہ جب وہ بلائے جاتے ہیں اللہ اور اس کے رسولﷺ کی طرف کہ(رسول) ان کے درمیان فیصلہ کردیں تو وہ(ایمان والے) کہیں کہ ہم نے سن لیا اور مان لیا(سورۃ النور:۱۵)ایک اور جگہ وضاحت کردی ہے کہ اللہ اور رسولﷺ کے فیصلے اور حکم آنے کے بعد کسی مومن مرد، عورت کے شایانِ شان نہیں کہ وہ اس کے برعکس من مانی کریں، ایسی صورت میں سوائے تعمیل حکم کے اس کے لئے کسی اور راہ کو اختیار کرنے کی گنجائش نہیں، ہر دور میں اہل ایمان نے آپ ﷺ کی شخصیت کے ساتھ تعلق ومحبت کی لازوال داستانیں رقم کیں اور اگر تاریخ کے کسی موڑ پرکسی بدبخت نے آپﷺ کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی کرنے کی کوشش کی تو مسلمانوں کے اجتماعی ضمیر نے شاتم رسولﷺ کے مرتکبین کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے یہی وجہ ہے کہ عالم کفر ہمیشہ مسلمانوں کے دل سے رسول اللہﷺ کی محبت و عقیدت کو ختم کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے،خاتم النبیّینﷺ کی اطاعت ہی اسلام ہے، قرآن مجید میں اطاعت و اتباع کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کی تعظیم، تکریم اور ادب کی بھی تاکید کی گئی ہے-قرآن کریم میں تعظیم و ادب بجا لانے والوں کی تحسین کی گئی، انہیں اجر عظیم اور بخشش کی نوید سنائی گئی جبکہ اس کے بر عکس آداب و تعظیم سے غفلت برتنے والوں کو تنبیہ بھی کی گئی اور درد ناک عذاب کا انجام بھی سنایا گیا،آپ ﷺ کو ایذا پہنچانے والوں اور گستاخی کرنے والوں کیلئے سخت احکامات نازل ہوئے یہی وجہ ہے کہ صحابہ کرامؓ کی زندگیاں عشق مصطفی اور ادب مصطفی سے عبارت ہیں، مثلاً آپؐکا خون مبارک زمین پہ نہ گرانا، وضو کا پانی نیچے نہ گرنے دینا بلکہ اسے اپنے اجسام پہ ملنا، موئے مبارک سنبھال کر رکھنا حتیٰ کہ آقا کریم ﷺ کے لعاب شریف سے شفا اور برکت حاصل کرنا اور اس کے علا وہ اور بھی کئی مثالیں موجود ہیں جس میں صحابہ کرام ؓ کا عشق و محبت ملتا ہے،۔جناب نبی اکرم سید دوعالم ﷺ کے خصائص میں ایک خصوصیت یہ ہے کہ آپﷺ کا دائرہ نبوت سارے عالم کو محیط ہے، زمین و زمان اور مکین و مکاں آپؐ کی رسالتؐ کے پرتو سے منور ہیں،خلاق عالم نے آپ ﷺ کو اس وقت ہی منصب نبوت پر فائز فرما دیا تھا جب فرش زمیں کی آبادکاری کے نقطہئ آغاز میں ابوالبشر سیدنا آدمؑ کا مجسمہ ابھی پانی اور مٹی کی امتزاجی کیفیت میں تخلیقی مراحل سے گذر رہا تھا،لیکن آپﷺ کی رسالت عامہ اور نبوت تامہ کا ظہور سب سے آخر میں فرمایا،اس میں راز یہ تھا کہ ابتدائے آفرینش اور انتہائے عالم کے دونوں مواقع میں آپﷺ کی نبوی شان و شوکت کوعیاں کرکے کائنات پر آپ ﷺ کی عالمگیر رسالت کی دھاک بٹھائیں،چنانچہ اسی مقصد کے پیش نظرہر نبی سے آپؐ کی نبوت کی منادی کروائی،آخرکار بنی اسرائیل کے آخری نبی حضرت عیسیٰ ؑ کی لسان مبارک سے بنی اسرائیل کی نبوت کے خاتمے کا اعلان کروایا اوربنی اسماعیل کے معززخاندان بنوہاشم کے ایک عظیم چشم وچراغ مقصود کائنات،وجہ تخلیق ارض و سماوات جناب رسول اللہﷺکی آمد کی بشارت سنوائی۔ نبی آخر الزماں ﷺ کا خاتم نبوت ہونا جہاں بے شمار صریح نصوص سے ثابت ہوتا ہے وہیں متعددعقلی دلائل بھی اس عقیدے پر موجود ہیں،سردست ایک دلیل پر نگاہ دوڑاتے ہیں،قرآن وسنت کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ جو چیزیں اسلام میں بنیادی اکائی تصور کی جاتی ہیں اوراسلام کیلئے اساسی درجہ کی حامل ہیں ان کا تذکرہ کرتے ہوئے انکی عالمی حیثیت کو پیش نظر رکھا گیا ہے،مثلاً اسلام کی بنیاد قرار پانے والے پانچ ستونوں میں پہلا ستون اور ارکان اسلام میں سے رکن عقیدہ توحید ہے جس کے معنیٰ یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ کیلئے تمام جہانوں کی ربوبیت کا اقرار کیا جائے،چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے یعنی ہر وصف کمال کا استحقاق اس اللہ کیلئے ہے جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے (فاتحہ:۱) مذہب اسلام کی بنیادی کتاب اور مسلمانوں کیلئے دستورالعمل اور نصب العین قرار پانے والی چیز قرآن مجید ہے جو کلام الٰہی اور منشورانسانیت ہے،اسلامی قوانین وضوابط، شرعی حدود و تعزیرات اورمعاشرتی،معاشی،عائلی اور اخلاقی اصولوں پر مشتمل اس کی تمام تر دفعات انسان کیلئے دنیا اور آخرت میں نجات کی ضامن ہیں،اس کوبھی خالق دوجہاں نے عالمی حیثیت دیتے ہوئے ارشا د فرمایا کہ یہ قرآن تمام جہانوں کیلئے نصیحت ہے۔(انعام:۰۹)اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مولائے کریم ہمیں اپنے پیا رے آقاسید الکونین،امام الانبیاء،خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی اتباع و پیروی کر نے کی توفیق نصیب فرمائیں